چهارشنبه 30/آوریل/2025

اسرائیلی فوج کا کریک ڈاؤن، غرب اردن، القدس سے 10 فلسطینی گرفتار

اتوار 6-نومبر-2016

فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں آج اتوار کے روز اسرائیلی فوج کی جانب سے گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران کم سے کم دس فلسطینی شہریوں کو حراست میں لے لیا گیا۔ گرفتارکیے جانے والے شہریوں میں اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ دوسری جماعتوں کے کارکنان بھی شامل ہیں۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اتوار کو علی الصباح قابض فورسز نے غرب اردن کے مختلف شہروں میں گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران گھروں میں گھس کر قیمتی سامان کی توڑ پھوڑ کے ساتھ نقدی اور زیورات کی لوٹ مار کی اور خواتین اور بچوں کو زدو کوب کیا۔

عبرانی نیوز ویب پورٹ ’’0404‘‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ غرب اردن میں دھاووں کے دوران اسرائیلی فوجیوں نے بیت لحم اور الخلیل شہرسے چار اشتہاری فلسطینیوں سمیت 5 افراد کو حراست میں لے لیا۔ گرفتار کیے گئے پانچوں فلسطینیوں کو اسرائیلی فوج کے داخلی سلامتی کے خفیہ ادارے’شاباک‘ کے حوالے کردیا گیا ہے۔

ایک فلسطینی شہری کو رام اللہ میں سلواد کے مقام پر چھاپے کے دوران گرفتار کیا گیا۔ جب کہ ایک کی گرفتاری بیت لحم میں تقوع کے مقام سے کی گئی۔

عبرانی نیوز ویب پورٹل کے مطابق تین فلسطینیوں کو الخلیل شہرسے حراست میں لیا گیا جن میں سے ایک حماس کا کارکن شامل ہے۔

رام اللہ میں سلواد کے مقام پر اسرائیلی فوج نے محمد حامد نامی شہری کو حراست میں لینے کے ساتھ اس کے گھر میں کھڑی گاڑی بھی ضبط کرلی۔

ادھر جنین میں قباطیہ قصبے کے قریب قائم کردہ فوجی چوکی سے دو فلسطینی شہریوں کو حراست میں لینے کےبعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔ ان کی شناخت ناصر طزاز اور سلیمان خزیمیہ کے نام سے کی گئی ہے۔ ان کی گاڑی بھی ضبط کرلی گئی ہے۔

اطلاعات کے مطابق اتوار کے روز علی الصباح بیت المقدس میں اسرائیلی فوج نے گھر گھر تلاشی کے دوران تین فلسطینیوں کوحراست میں لے کرنامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ ان میں ایک سابق اسیر جہاد قوس بھی شامل ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی