مصری حکومت کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد فلسطین کے محاصرہ زدہ علاقے غزہ کی پٹی کے تاجروں کا ایک وفد گذشتہ روز قاہرہ پہنچا ہے جہاں فلسطینی کاروباری شخصیات آج قاہرہ میں ہونے والی ایک کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی تاجر فیڈریشن کے چیئرمین اسامہ کحیل نے ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ مصری حکام کی طرف سے غزہ کی پٹی کے تاجروں کو قاہرہ میں منعقدہ اکنامک کانفرنس میں شرکت کی اجازت دے دی گئی تھی جس کے بعد وفد قاہرہ روانہ ہوگیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین سے بات کرتے ہوئے اسامہ کحیل کا کہنا تھا کہ کانفرنس کا اہتمام مڈل ایسٹ اسٹڈی سینٹر کی جانب سے کیا گیا ہے جس میں مصر کی معاشی ترقی اور غزہ اور مصر کے درمیان تجارتی روابط کے فروغ جیسے موضوعات پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ مصر پہنچنے والے فلسطینی تجارتی وفد میں 35 اہم شخصیات شامل ہیں۔ یہ وفد مصری تاجروں کے ساتھ غزہ کی پٹی کے ساتھ تجارتی اور کاروباری روابط کی بحالی اور غزہ کی پٹی پر مسلط معاشی پابندیوں کو اٹھانے کے لیے کی جانے والی کوششوں پر بھی بات چیت کرے گا۔
فلسطینی عوامی اور کاروباری حلقوں کی طرف سے غزہ کے تاجروں کے وفد کو مصرمیں ایک کانفرنس میں شرکت کی اجازت دیے جانے کے اقدام کو مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کی آمد ورفت سے غزہ اور مصرکے درمیان تجارتی سرگرمیوں میں پایا جانے والا تعطل دور ہوگا اور فلسطینی اور مصری اقوام تعطل کا شکار باہمی تجارتی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کی پوزیشن میں آسکیں گے۔