لبنان کے نو منتخب صدر میشل عون نے رکن پارلیمنٹ اور سرکردہ سیاست دان سعد حریری کو نیا وزیراعظم مقرر کرتے ہوئے انہیں اپنی کابینہ تشکیل دینے کی دعوت دی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق سعد حریر جو ’فیوچر‘ پارٹی کے سربراہ ہیں اس سے قبل بھی لبنان کے وزیراعظم رہ چکے ہیں۔ جمعرات کو صدر میشل عون نے انہیں وزیراعظم مقرر کرتے ہوئے اپنی کابینہ تشکیل دینے کی دعوت دی تھی۔
مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق پارلیمنٹ نے نئے وزیراعظم کے لیے سعد حریری کے نام پر اتفاق کیا ہے۔ پارلیمنٹ میں ہونے والی رائے شماری میں 126 کے ایوان میں 112 ارکان نے سعد حریری پر اعتماد کا اظہار کیا۔ پارلیمنٹ میں حزب اللہ کے پارلیمانی بلاک کے 13 ارکان نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔
قبل ازیں سعد حریر اور ان کی جماعت کی جانب سے میشل عون کو ملک کا نیا صدر منتخب کرنے میں ان کی حمایت کی تھی۔