ترکی کی حکومت نے فلسطین اور کوسوو کو بین الاقوامی فوج داری پولیس کی تنظیم ’’انٹروپول‘‘ کی رکنیت دلوانے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ترکی کے ذرائع ابلاغ میں آنے والی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ترکی کے ڈائریکٹر سیکیورٹی جنرل نے ’انٹروپول‘ میں فلسطین کی رکنیت کے لیے حمایت کرنے اور فلسطین کو رکنیت دلوانے کے لیے اقدامات شروع کردیے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی ’اناطولو‘ کے مطابق ترکی کی جانب سے تجویز پیش کی ہے کہ انٹروپول کی 7 سے 10 نومبر کو انڈونیشیا میں ہونے والی کانفرنس کے دوران فلسطینی رکنیت دلوانے کی کوشش کی جائے۔
انقرہ کی طرف سے کوسوو کو بھی انٹرپول کی رکنیت دلوانے کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کیا ہے۔ خیال رہے کہ انٹرپول کے سالانہ اجلاس میں تنظیم کے نئے سربراہ کے انتخاب کا بھی فیصلہ کیا جائے گا۔
فلسطین کو انٹرپول کی رکنیت دلوانے کے لیے ماضی میں کی جانے والی تمام کوششوں پر اسرائیل نے رکاوٹ ڈالی۔ صہیونی ریاست ایک بار پھر فلسطینی رکنیت کی راہ میں روڑے اٹکانے کے لیے میدان میں کودنے کی کوشش کررہا ہے۔ صہیونی ریاست کو خدشہ ہے کہ فلسطین کو انٹرپول کی رکنیت ملنے سے اسرائیل کی خفیہ معلومات فلسطینی تنظیموں تک پہنچ سکتی ہیں۔