فلسطین صدر محمود عباس کی جماعت تحریک فتح کی ’مرکزی کمیٹی‘ کی ساتویں جنرل کانفرنس رواں ماہ کی انتیس تاریخ کو طلب کی گئی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق صدر محمود عباس نے رام اللہ میں فتح کی مرکزی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ جماعت کی عمومی کانفرنس 29 نومبر کو منعقد کی جائے گی۔
تحریک فتح کے رہ نماؤں کا دعویٰ ہے کہ جنرل کانفرنس کے دوران اندرون اور بیرون ملک سے جماعت کے 1300 ارکان شرکت کریں گے۔
خیال رہے کہ گذشتہ کانفرنس سنہ 2009ء میں منعقد ہوئی تھی۔ اس کے بعد جماعت کی جنرل کانفرنس کے لیے سات اگست 2015ء کی تاریخ مقرر کی گئی تھی مگر بہ وجوہ تحریک فتح کی عمومی کانفرنس منعقد نہیں کی جاسکی۔ ملتوی ہونے والی کانفرنس رواں ماہ کے آخر میں طلب کی گئی ہے۔
تحریک فتح جنرل کونسل کا اجلاس ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب جماعت دو حصوں میں بٹ چکی ہے۔ فتح کے ایک گروپ کی قیادت صدر محمود عباس کررہے ہیں جب کہ ایک دھڑا محمد دحلان کی قیادت میں سرگرم ہے۔ صدر محمود عباس نے دحلان کے حامیوں کو فتح سے نکال دینے کے ساتھ انہیں باغی قراردیا ہے۔