کویت کی حکومت نے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال’’یونیسیف‘‘ کو بچوں کی بہبود کے لیے 40 لاکھ ڈالر کی امداد فراہم کی ہے۔ یونیسیف یہ رقم شامی اور فلسطینی پناہ گزین بچوں سمیت جنگوں سے متاثرہ بچوں کی فلاح بہبود اور ان کی تعلیم اورصحت کی اسکیموں پر خرچ کرے گا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال ’’یونیسیف‘‘ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ تنظیم نے کویت سے جنگوں سے متاثرہ بچوں کی بہبود کے لیے امداد کی فراہمی کی درخواست کی تھی۔ کویت کی حکومت نے درخواست پرعمل درآمد کرتے ہوئے چالیس لاکھ ڈالر کی رقم بہ طور امداد فراہم کی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کویت کی طرف سے ملنے والی امدادی رقم پناہ گزین کیمپوں میں رہنے والے بچوں کی تعلیم، صحت، صفائی، خوراک اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی پر صرف کی جائے گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کویت کی حکومت کی طرف سے 2013ء کے بعد یونیسیف کو مجموعی طور پر 1 کروڑ 39 لاکھ ڈالر کی رقم وصول ہوچکی ہے۔ کویت کا شمار یونیسیف کو امداد دینے والے بڑے ممالک میں ہونے لگا ہے۔