فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی حکومت نے مزید دو سو کے قریب مکانات کی تعمیر کی منظوری دی ہے۔
اسرائیل کے عبرانی ٹی وی 2 کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بیت المقدس میں اسرائیلی بلدیہ نے مزید دسیوں مکانات کی تعمیر کی کوششیں شروع کی ہیں۔ گذشتہ روز ہونے والے اجلاس میں بیت المقدس میں 181 مکانات کی تعمیر کی تجویز پیش کی گئی تھی۔ اجلاس میں کہا گیا ہے کہ آئندہ ہفتے ہونے والے اجلاس میں ایک سو اکیاسی مکانات کی حتمی طور پر منظوری دے دی جائے گی۔
خیال رہے کہ صہیونی حکومت ایک منظم سازش کے تحت بیت المقدس میں یہودی آباد کاری کا تسلسل جاری رکھے ہوئے ہے۔ دوسری جانب بیت المقدس میں سکونت پذیر فلسطینی شہریوں کے گرد گھیرا تنگ کرنے کے لیے طرح طرح کے ظالمانہ حربے استعمال کیے جا رہے ہیں۔ فلسطینیوں کو بیت المقدس سے بے دخل کیا جا رہا ہے اور اہالیان القدس کے مکانات مسمار کر کے انہیں شہر چھوڑنے پر مجبور کرنے کی مذموم کوشیں کی جا رہیں۔