اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل اور جماعت کے نائب اور سابق وزیراعظم اسماعیل ھنیہ نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات کی۔ ملاقات میں فلسطین میں مختلف سیاسی جماعتوں کے مابین مفاہمت کا عمل آگے بڑھانے سمیت دیگر قومی ایشوز پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کی قیادت اور صدر محمود عباس کے درمیان ملاقات کا اہتمام قطری وزیرخارجہ الشیخ محمد عبدالرحمان آل ثانی کی جانب سے کرایا گیا تھا۔ حماس رہ نماؤں اور صدر محمود عباس کے درمیان ہونے والی بات چیت میں حماس اور تحریک فتح کے درمیان مفاہمتی مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
ادھر حماس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر عباس اور جماعت کی مرکزی قیادت کے درمیان ہونے والی بات چیت میں فلسطینی قوم کے ترجیحی مسائل بالخصوص قومی مفاہمت کو یقینی بنانے اور اختلافات دور کرنے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
حماس کی جانب سے صدر محمود سے بات چیت کے دوران ماضی میں قومی مفاہمت کے حوالے سے طے پائے قاہرہ، دوحہ اور غزہ معاہدوں کے فریم ورک پر عمل درآمد پر زور دیا گیا۔
درایں اثناء فلسطین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’وفا‘ نے صدر محمود عباس کا ایک بیان نقل کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ صدر نے حماس کی قیادت سے ملاقات کے دوران قومی مفاہمت کو یقینی بنانے کے لیے بات چیت دوبارہ شروع کرنے پر زور دیا ہے۔ صد نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ دونوں بڑی جماعتوں کے درمیان مفاہمت کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے لیے موثر اقدامات کریں گے۔