دانتوں کو صاف رکھنا نہ صرف منہ اور دانتوں کی صحت کے لیے ضروری ہے بلکہ ماہرین نے دانت صاف رکھنے کے کئی دیگر حیران کن اثرات بھی بیان کیے ہیں۔ ماہرین صحت کی جانب سے کی گئی ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ دانت صاف رکھنے سے انسان دل اور دماغ کے عارضے سے محفوظ رہ سکتا ہے۔
امریکی ماہرین صحت کی جانب سے کی گئی ایک تحقیق میں کہا گیا ہے کہ Plaque HD نامی ٹوتھ پیسٹ[دانتوں کی معجون] کے استعمال سے نہ صرف دانت اور مسوڑھے صاف اور تندرست رہتے ہیں بلکہ اس کے نتیجے میں جسم میں سوزش کم کرنے کےساتھ دماغ اور دل کا اٹیک کا خطرہ بھی کم ہوجاتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ دانتوں کی بہت سی بیماریاں براہ راست یا بالواسطہ طور پر عارضہ قلب یا دماغی عارضے کا موجب بنتی ہیں۔ منہ اور دانتوں کی صحت سے دل اور دماغ کی صحت بھی بہتر رہتی ہے اور جسم کے ان دونوں نہایت اہم حصوں کو تحفظ ملتا ہے۔
اطباء کا کہنا ہے کہ جو افراد معمول کے مطابق ٹوتھ پیسٹ سے اپنے دانت صاف رکھتے ہیں وہ عارضہ قلب سے کافی حد تک محفوظ رہتے ہیں۔ ایسے افراد جنہوں نے دانت صاف کرنا اپنا معمول بنایا انہیں دل اور دماغ کا عارضہ 29 فی صد کم لاحق ہوتا ہے۔
امریکی ریاست فلوریڈا کی اٹلانٹک یونیورسٹی سے وابستہ پروفیسر چارلز ھنکینز کا کہنا ہے کہ دل اور دماغ کو تقویت دینے کے لیے کروڑوں لوگ اسپرین اور اسٹٹنٹ کا استعمال کرتے ہیں۔ ان کی توجہ کے لیے بتایا جا رہا ہے کہ وہ اپنے دانتوں کو صاف رکھیں تو دل اور دماغ کو زیادہ بہتر صحت مند اور امراض سے بچا سکتے ہیں۔ کیونکہ دانتوں کی صفائی عارضہ قلب اور دماغ سے بچاؤ کا بہترین ذریعہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹوتھ پیسٹ کے استعمال کا کوئی سائیڈ افیکٹ بھی نہیں۔ امریکی ماہرین صحت کی تیار کردہ یہ تحقیق امریکی جریدے’’American Journal of Mecicine‘‘ میں شائع ہوئی ہے۔ جریدے میں اس رپورٹ کے لیے ’’کیا دانتوں کی معجون عارضہ قلب سے نجات کا ذریعہ ہے‘‘ کا عنوان دیا گیا ہے۔ اسی تحقیق میں شامل ڈاکٹر جوزف البرٹ کا کہنا ہے کہ دانتوں کی صفائی کا دل ودماغ کی صحت کے ساتھ گہرا تعلق ہے۔ جس شخص کے دانت صاف ہوں گے اس کے دل اور دماغ کو عارضوں کا کم سے کم خطرہ لاحق ہوگا۔