فلسطین کے محصور علاقے غزہ کی پٹی میں خان یونس کے مقام پرایک سرنگ میں کام کے دوران حادثے کے نتیجے میں اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے عسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈ کا ایک کارکن شہید ہوگیا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق جنوبی وسطی غزہ میں خان یونس کے مقام پر سرنگ کی کھدائی کے بعد اسلحہ چلاتے ہوئے ایک کارکن کی شہادت پر حماس نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ شہید کی شناخت امیر جابر ابو طعیمہ کے نام سے کی گئی ہے جس کی عمر 22 سال ہے۔
القسام بریگیڈ کی جانب سےجاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سوموار کو خان یونس میں زیرزمین سرنگ کی کھدائی کے دوران تنظیم کا ایک کارکن 22 سالہ جابر ابو طعیمہ جام شہادت نوش کرگیا۔
بیان میں ابو طعیمہ کی شہادت کی تصدیق کے ساتھ اس کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ابو طعیمہ نے فلسطینی قوم کے دفاع میں خدمات انجام دیتے ہوئے اپنی جان کی قربانی پیش کی ہے۔
ادھر فلسطینی سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ابو لاشین کا جسد خاکی اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں اس کے پوسٹ مارٹم کے بعد اس جسد خاکی ورثاء کے حوالے کردیا۔ بعد ازاں شہید کی نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد اسے شہداء قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔
خیال رہے کہ غزہ کی پٹی سنہ 2007ء سے اسرائیل کے خوفناک محاصرے کا شکار ہے۔ فلسطینی شہری اور مزاحمتی تنظیمیں صہیونی فوج کی ممکنہ جارحیت کے دفاع کے لیے زیرزمین سرنگیں کھودنے کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔ سرنگوں کی کھودائی اور ان کی تیاری ایک مشکل اور جان لیوا کام ہے جس میں متعدد فلسطینی مزاحمت کار شہید اور زخمی ہوچکے ہیں۔