چهارشنبه 30/آوریل/2025

اقوام متحدہ کا بیت المقدس کےمقدس مقامات کےاسٹیٹس کےتحفظ کا مطالبہ

منگل 25-اکتوبر-2016

اقوام متحدہ نے فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس شہر اور وہاں پر موجود مسلمانوں کے تمام مقدس مقامات بشمول مسجد اقصیٰ کے تاریخی اسلامی اسٹیٹیس کے تحفظ کا مطالبہ کیا ہے۔ اقوام متحدہ کی طرف سے یہ بیان اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کے اس بیان کےبعد جاری کیا گیا جس میں انہوں نے پرانے القدس شہر میں مزعومہ یہودی آثار قدیمہ کی تلاش کی آڑ میں کھدائیاں جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کے ترجمان اسٹیفن ڈوگریک نے نیویارک میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بان کی مون کا موقف القدس اور وہاں پر پائے جانے والے مقامات مقدسہ کے حوالے سے واضح ہے۔ وہ تمام مقدس مقامات کو ان کے تاریخی اسٹیٹس کے مطابق محفوظ بنانے کے خواہاں ہیں۔ اسی موقف کا اظہار ہم نے اس سے قبل بھی بار بار کیا ہے اور تمام فریقین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مذہبی مقامات کی تاریخی حیثیت اور ان کے تقدس کی حفاظت کے لیے ہرممکن اقدام کریں۔

قدس پریس کے مطابق اقوام متحدہ کے ترجمان نے صحافیوں کی جانب سے پوچھےگئے سوالوں کے جواب میں دیا۔ نیویارک میں نامہ نگاروں نے القدس میں مقدس مقامات کے گرد کھدائیوں کے اسرائیلی وزیراعظم کے اعلان کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نہیں چاہتا کہ بیت المقدس میں مقدس مقامات کی تاریخی مذہبی حیثیت کو نقصان پہنچے۔ اس لیے ہمارا مطالبہ ہے کہ بیت المقدس میں واقع تمام مقدس مقامات کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔

خیال رہے کہ حال ہی میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاھو نے ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم بیت المقدس میں یہودی آثار قدیمہ کی تلاش کا عمل جاری رکھیں گے۔ انہوں نے پوری یہودی قوم کو اس خطرناک منصوبے میں شامل ہونے کی بھی دعوت دی۔

مختصر لنک:

کاپی