یہودی انتہا پسندوں کی جانب سے قبلہ اول کی جگہ مزعومہ ہیکل سلیمانی کے حوالے سے سازشیں نت نئے انداز اختیار کرتی جا رہی ہیں۔ حال ہی میں صہیونی انتہا پسندوں نے ’تھری ڈی‘ ٹیکنالوجی کی مدد سے بیت المقدس میں مسجد اقصیٰ کہ جگہ مزعومہ ہیکل سلیمانی کی ایک نمائش کا اہتمام کیا۔
عبرانی اخبار ’’ہارٹز‘‘ کی جانب سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ’ہیکل سلیمانی‘ کی تھری ڈی ٹیکنالوجی کی مدد سے نمائش اسرائیل کے محکمہ سیاحت کی اختراع ہے جو جدید آلات اور ٹیکنالوجی کے ذریعے یہودی آبادکاروں کو تیسرے ہیکل کے بارے معلومات فراہم کرنے کی آڑ میں انہیں قبلہ اول کے خلاف اکسانے کی کوشش کرتے ہیں۔
عبرانی اخبار کے مطابق 3D ٹیکنالوجی کے ذریعے ہیکل سلیمانی کی نمائش کا اہتمام حال ہی میں یہودیوں کے مذہبی تہوار’’عید العرش‘‘ کے موقع پر کیا گیا۔ تھری ڈی ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے دیوار براق اور قبلہ اول کے تمام اہم مقامات کو اس ٹیکنالوجی کی مدد سے تیار کیا گیا۔ تھری ڈی ٹیکنالوجی کی مدد سےتیار کردہ اس فلم کی نمائش متعدد مقامات پر کی گئی جسے بڑی تعداد میں یہودی آباد کاروں نے دیکھا ہے۔
’’ہارٹز‘‘ نامہ نگار موشے گیلاد نے نمائش کا خود بھی دورہ کیا اور بعد ازاں اس حوالے سے ایک رپورٹ بھی شائع کی گئی۔