اسرائیلی پولیس نے فلسطین کے شمالی شہر الجلیل میں واقع تاریخی اسلامی قبرستان ’’رمیہ‘‘ کی تعمیر و مرمت پر پابندی عاید کر دی اور مرمت کے لیے جاری کام رکوا دیا گیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق شمالی فلسطین کے علاقے الجلیل میں واقع ’’رمیہ‘‘ قبرستان ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھا۔ مقامی فلسطینی شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت حال ہی میں قبرستان کے تحفظ کے لیے اس کے گرد دیوار لگانے اور ٹوٹی قبریں دوبارہ مرمت کرنے کی مہم شروع کی تھی۔ اسرائیلی پولیس نے قبرستان کی مرمت میں مصروف شہریوں کو دھمکیاں دیتے ہوئے انہیں مرمتی کام سے روک دیا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اسرائیلی پولیس نے قبرستان کی مرمت میں سرگرم ایک کارکن صالح سواعد کو حراست میں لے لیا۔ خیال رہے کہ ’’رمیہ‘‘ قصبہ شمالی فلسطین کے الجلیل شہر کاحصہ ہے۔ اسرائیل اس قصبے کو تسلیم نہیں کرتا۔ یہی وجہ ہے کہ یہاں کے فلسطینی باشندوں کو اسرائیلی انتظامیہ کی طرف سے طرح طرح کی پابندیوں اور انتقامی کارروائیوں کا سامنا رہتا ہے۔