فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر قلقیلیہ میں ایک اسکول میں جاری فٹ ٹیم کی پریکٹس کے دوران صہیونی فوج نے کھلاڑیوں اور دیگر شہریوں پر آنسوگیس کی شیلنگ کردی جس کے نتیجے میں کھلاڑیوں سمیت متعدد شہری زخمی ہوگئے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق قابض صہیونی فوج نے غرب اردن کے شمالی شہر قلقیلیہ میں واقع یاسر عرفات شہید اسکول کے گراؤنڈ میں ’’عزون‘‘ شہر کی فٹ بال ٹیم کے کھلاڑی پریکٹس میں مصروف تھے کہ اس دوران قابض فورسز نے ان پر آنسوگیس کی شیلنگ کی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مراسلے کے مطابق صہیونی فوجیوں نے بلا جواز اسکول کے گراؤنڈ کے اندر جاری پریکٹس میں شریک کھلاڑیوں اور دیگر شہریوں پر تشدد کیا۔ قابض فوجیوں نے کھلاڑیوں پر آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد شہری زخمی ہوگئے۔
اس موقع پر صہیونی فوج نے فلسطینی شہریوں کے خلاف کریک ڈاؤن اور نام نہاد تلاشی کی کارروائی کے دوران متعدد افراد کو حراست میں بھی لیا گیا۔ قلقیلیہ شہر اور عزون قصبے میں تلاشی کی آڑ میں گھنٹوں فلسطینی شہریوں کی گاڑیاں سڑکوں پر روکے رکھیں۔