چهارشنبه 30/آوریل/2025

رواں سال کے دوران صہیونی فوج نے 960 فلسطینی املاک مسمار کیں:وزیراعظم

بدھ 19-اکتوبر-2016

فلسطینی وزیراعظم رامی الحمد اللہ نے ایک بیان میں فلسطین میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں مکانات کی مسماری کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل پر فلسطینی املاک کی مسماری روکنے کے لیے دباؤ ڈالے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی وزیراعظم رامی الحمد اللہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ رواں سال کے دس ماہ میں قابض صہیونی فورسز نے فلسطینیوں کے 960 مکانات مسمار کیے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کی املاک کی تباہی اور مکانات کی مسماری کی ظالمانہ پالیسی سے واضح ہوگیا ہے کہ اسرائیلی ریاست کی انتقامی پالیسی کے نتیجے میں فلسطین میں تعمیرو ترقی کا عمل ناممکن ہے۔ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ فلسطینیوں کی املاک کی مسماری روکنے کے لیے اسرائیل پر دباؤ ڈالے اور فلسطین میں تعمیرو ترقی کے منصوبوں میں کھڑی کی گئی رکاوٹیں دور کرے۔

رامی الحمد اللہ کا کہنا تھا کہ جب تک عالمی برادری عملی مداخلت نہیں کرتی اس وقت تک فلسطینی علاقوں میں فلسطینی اتھارٹی اور ان کی زیرقیادت قائم حکومت اپنے منصوبوں کو ذرا بھی آگے نہیں بڑھا سکتی۔ فلسطین میں تعمیرو ترقی کے حوالے سے مطلوبہ نتائج کے حصول کے لیے عالمی برادری کو فلسطینیوں کے ساتھ تعاون کے ساتھ ساتھ قابض ریاست پر بھی داباؤ ڈالنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی اتھارٹی مکانات سے محروم شہریوں کو مکان کی سہولت فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے مگر اسرائیل فلسطینی حکومت کے منصوبوں کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کررہا ہے۔ وزیراعظم نے فلسطین میں مکانات کی مسماری کی پالیسی کی روک تھام کے ساتھ ساتھ یہودی توسیع پسندی روکنے کے لیے واضح ٹائم فریم دینے کا بھی مطالبہ کیا۔

وزیراعظم رامی الحمد اللہ کا کہنا تھا کہ صہیونی ریاست فلسطین کے سیکٹر C میں تعمیراتی منصوبوں کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کا سلسلہ اوسلو معاہدے کے بعد سے جاری ہے۔ سنہ 2016ء کے پہلے 10 ماہ میں اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کے 960 مکانات مسمار کئے ہیں، ان میں سے 68 فی صد مکانات عالمی برادری کی مالی مدد کے ذریعے تعمیر کیے گئے تھے۔

مختصر لنک:

کاپی