اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے شام میں شدت پسند گروپ دولت اسلامی داعش کے ہاتھوں یرموک پناہ گزین کیمپ میں ایک تاریخی قبرستان کی بے حرمتی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے غیراسلامی فعل قرار دیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے سیاسی شعبے کے رکن عزت الرشق نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انہیں یہ اطلاعات ملی ہیں کہ داعش نامی گروپ نے شام میں فلسطینی پناہ گزین کیمپ ’’یرموک‘‘ میں تاریخی قبرستان کو بلڈوز کردیا ہے اور تمام قبروں کے نشانات مٹانے کے ساتھ ساتھ قبروں کی بے حرمتی بھی کی ہے۔ حماس اس اقدام کو اسلامی شعائر کے مغائر قرار دیتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔
خیال رہے کہ شدت پسند گروپ داعش نے حال ہی میں یرموک پناہ گزین کیمپ میں قائم شہداء قبرستان پر بلڈوزر چڑھا کر اسے مکمل طور پر مسمار کردیا ہے۔ اس قبرستان میں کئی جلیل القدر بزرگان کی آخری آرام گاہوں کے ساتھ فلسطینی رہ نماؤں خلیل الوزیر اور سعد صایل کی بھی قبریں موجود ہیں۔
شہید سعد صائل کے اہل خانہ نے بھی شہداء قبرستان کی بے حرمتی اور قبروں کی مسماری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے سنگین جرم قرار دیا ہے۔ شہید کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ شہداء قبرستان میں شہید خلیل الوزیر، ابو جہاد اور ابو الولید جیسے سرکردہ فلسطینی شہداء کی قبریں موجود ہیں۔ ان کی مسماری شہداء کی توہین کے مترادف ہے۔