اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل اور نائب صدر اسماعیل ھنیہ نے گذشتہ روز دوحہ میں امیر قطر سے ان کے شاہی محل میں ملاقات کی۔ ملاقات میں فلسطین کی موجودہ صورت حال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق سوموار کو حماس رہ نماؤں خالد مشعل اور اسماعیل ھنیہ نے شاہی دیوان میں امیر قطر الشیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کی۔
اس موقع پر امیر قطر نے یقین دلایا کہ ان کا ملک فلسطینیوں کے دیرینہ حقوق اور مطالبات بالخصوص حق خود ارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے غزہ کی پٹی کے عوام کی مالی مدد کی یقین دہانی کے ساتھ ساتھ اہالیان غزہ کی طرف سے صہیونی ظلم وستم کا مردانہ وار مقابلہ کرنے اور ظلم کے سامنے پورے عزم کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے رہنے کے جذبے کی تحسین کی۔
حماس کے وفد اور امیر قطر کے درمیان ہوئی ملاقات میں عرب خطے کی موجودہ صورت حال بالخصوص فلسطین، قبلہ اول اور غزہ کی پٹی کے احوال و واقعات پر بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر خالد مشعل اور اسماعیل ھنیہ نے امیر قطر اور قطری حکومت کی طرف سے فلسطینی قوم کی بھرپور مدد جاری رکھنے پران کا شکریہ ادا کیا۔ حماس رہ نماؤں نے کہا کہ فلسطینی قوم قطری حکومت اور قوم کی طرف سے مدد اور اخلاقی اور سفارتی معاونت کی تہہ دل سے شکر گذار ہے۔