فلسطینی محکمہ سرحدی امور وگذرگاہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیاہے کہ ہفتے کے روز مصری حکام کی طرف سے رفح گذرگاہ کھولے جانے کے بعد 8 بسوں کا قافلہ 783 مسافروں کو لے کر بیرون ملک روانہ ہوا ہے۔
خیال رہے کہ رفح غزہ کی پٹی کی بیرونی دنیا کے ساتھ ملانے والی واحد گذرگاہ ہے مگر سنہ 2013ء میں مصر میں قائم حکومت نے غزہ کی اس بین الاقوامی گذرگاہ کو بند کررکھا ہے۔ کئی مہینوں کے بعد گذرگاہ کو ایک یا دور روز کے لیے کھولا جاتا ہے۔
جمعہ کے روز مصری حکام کی طرف سے کہا گیا تھا کہ رفح گذرگاہ ہفتے اور اتوار کے ایام میں دو طرفہ آمد ورفت کے لیے کھلی رہے گی۔ ہفتے کے روز 8 بسیں سات سو 83 مسافروں کو لے کر مصر روانہ ہوئیں۔
اس کے علاوہ مصری پاسپورٹس کے حامل 11مریض بھی ایمبولینسوں کی مدد سے بیرون ملک روانہ کیے گئے۔ بیرون ملک سفر کرنے والوں میں سیاسی اور سماجی رہ نما، صحافی، دانشور اور دیگر اہم شخصیات بھی شامل ہیں جو قاہرہ میں منعقد ہونے والی مشرق وسطیٰ کانفرنس میں شرکت کریں گے۔