اردن کے دارالحکومت عمان میں منعقد ہونے والی ایک علاقائی ابلاغی کانفرنس میں متفقہ طور پر مطالبہ کیا گیا ہے کہ عرب ممالک کے ذرائع ابلاغ مقبوضہ بیت المقدس کو ترجیحی بنیادوں پر کوریج دیں تاکہ عالمی سطح پر القدس میں صہیونی ریشہ دوانیوں کو بے نقاب کیا جاسکے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق عمان میں ’’القدس ابلاغیات کی نظر میں‘‘ کے عنوان سے کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں صحافتی شعبے کے علاوہ اردن اور دوسرے ملکوں کی انسانی حقوق انجمنوں نے مندوبین نے بھی شرکت کی۔
کانفرنس کا اہتمام انجینیرنگ یونین کی جانب سے کیا گیا تھا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انجینیرنگ یونین کے نگران ماجد البطاع نے کہا کہ اسرائیل بیت المقدس میں اپنی جعلی تاریخ تھوپنے کے لیے ابلاغیات پر غیرمعمولی وسائل صرف کررہا ہے تاکہ دنیا بھر میں القدس کے حوالے سے جعلی دعوؤں کو زیادہ سے زیادہ اچھال کر حقیقت کو مسخ کیا جائے۔ ایسے میں عرب ممالک اور مسلم دنیا کے ذرائع ابلاغ کی ذمہ داری ہے کہ وہ القدس کی حقانیت کو دنیا کے سامنے ترجیحی بنیادوں پر پیش کریں۔ عرب ممالک کے ذرائع ابلاغ بیت المقدس میں جاری یہودی توسیع پسندی، مسجد اقصیٰ اور دیگر مقدس اسلامی مقامات کو درپیش خطرات کو دنیا کے سامنے پیش کیا جائے تاکہ القدس کےدفاع کے لیے کوششوں میں تیزی لائی جائے۔
کانفرنس میں قبلہ اول کے امام وخطیب الشیخ عکرمہ صبری نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ القدس اور مسجد اقصیٰ کی کوریج عالم اسلام اور عرب ممالک کے ذرائع ابلاغ کی اجتماعی اخلاقی اور مذہبی ذمہ داری ہے۔