انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں نے شام میں قائم فلسطینی پناہ گزین کیمپوں بالخصوص خان الشیخ پناہ گزین کیمپ پر روسی اور شامی فوج کے جنگی طیاروں کی وحشیانہ بمباری روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق یورپ ۔ فلسطین نیٹ ورک کی جانب سے ہیگ میں روسی سفارت خانے، اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر اور ہالینڈ کی پارلیمنٹ کو مکتوبات ارسال کیے گئے ہیں جن میں فلسطینی پناہ گزین کیمپ خان الشیخ پر وحشیانہ بمباری کی شدید مذمت کرت ہوئے بمباری فوری طور پربند کرانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
مکتوب میں کہا گیا ہے کہ خان الشیخ پناہ گزین کیمپ پچھلے کئی ماہ سے مسلسل بمباری کے نشانے پر ہے اور کیمپ کے مکین نہ صرف وحشیانہ بمباری کا نشانہ بن رہے ہیں بلکہ مسلسل محاصرے کے نتیجے میں کیمپ میں انسانی المیہ رونما ہوچکا ہے۔ کیمپ میں رہنے والے فلسطینی اور دوسرے شہری بنیادی انسانی سہولیات سے محروم ہیں۔ اسپتالوں میں ادویات ناپید ہیں اور لوگ بھوک اور بیماریوں سے مسلسل موت کے منہ میں جا رہے ہیں۔
خیال رہے کہ شام میں فلسطینی پناہ گزین کیمپ خان الشیخ پر روسی اور شامی فوج کے جنگی طیاروں کی مسلسل بمباری جاری ہے جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں شہریوں کا جانی نقصان ہو رہا ہے۔ گزشتہ کچھ عرصے سے ہونے والی بمباری کے نتیجے میں 180 افراد جاں بحق اور سیکڑوں زخمی ہوچکے ہیں۔