اسرائیلی حکام نے فلسطین کے علاقوں غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے کے درمیان تجارتی آمد ورفت کے لیے استعمال ہونے والی گذرگاہ ’’کرم ابو سالم‘‘ کو دو دن کی بندش کے بعد کھول دیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق قابض اسرائیلی فوج نے غزہ اور مغربی کنارے کے درمیان گذرگاہ یہودیوں کے مذہبی تہوار’عید غفران‘ کے موقع پر دو دن کے لیے بند کردیا تھا۔ گذشتہ روز دو طرف ٹریفک کے لیے کرم ابو سالم گذرگاہ کو کھول دیا گیا۔
فلسطینی گذرگاہ امور کے کوآرڈینیٹر راید فتوح نے بتایا کہ جمعرات کے روز گذرگاہ کھلنے کے بعد غرب اردن سے سامان سے لدے 820 ٹرک غزہ داخل ہوئے۔ ان ٹرکوں پر تجارتی، زرعی اور مواصلاتی شعبے کا سامان لادا گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ گذرگاہ آج جمعہ کو بھی کھلی رہے گی۔ پرسوں اتوار کو اس گذرگاہ سے غرب اردن سے ایندھن لے جانے والے ٹرکوں کو گذرنے کی اجازت دی جائے گی۔
خیال رہے کہ کرم ابو سالم گذرگاہ اسرائیلی فوج نے سوموار کے روز بند کردی تھی جو منگل اور بدھ کے ایام میں بند رہی تاہم جمعرات کو اسے کھول دیا گیا تھا۔ جنوب مشرقی غزہ اور مغربی کنارے کے درمیان یہ واحد تجارتی گذرگاہ ہے۔