اسرائیل کے داخلی سلامتی کے خفیہ ادارے ’شاباک‘ نے مقبوضہ بیت المقدس میں تلاشی کی کارروائی کے دوران ایک فلسطینی نوجوان کو گرفتار کیا ہے جس الزام ہے کہ وہ اسرائیلی فوج پر فدائی حملے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔ صہیونی فوج کا کہنا ہے کہ گرفتار فلسطینی کے قبضے سے ایک خنجر بھی برآمد کیا گیا ہے۔
عبرانی اخبار’یدیعوت احرونوت‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ ’شاباک‘ نے شمال مشرقی بیت المقدس کے شعفاط پناہ گزین کیمپ میں تلاشی کے دوران 22 سالہ فلسطینی محمد فواز ابراہیم الجولانی کو حراست میں لیا ہے۔ اس کے قبضے سے ایک خنجر بھی برآمد کیا گیا ہے۔ صہیونی حکام کاکہنا ہے کہ گرفتار کیے گئے فلسطینی سے تفتیش کی گئی ہے جس نے بتایا ہے کہ وہ اسرائیلی فوجیوں پر فدائی حملے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔
اسرائیلی خفیہ ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ گرفتار فلسطینی کا تعلق اسلامی تحریک مزاحمت’حماس‘ سے ہے اور وہ اس سے قبل بھی اسرائیلی فوجیوں کے خلاف مزاحمتی کارروائیوں میں ملوث رہا ہے۔
اسرائیلی ملٹری پراسیکیوٹر کا کہنا ہے کہ گرفتار فلسطینی نوجوان جنگ کے دوران اسرائیل کی دشمن ایک فلسطینی تنظیم کےساتھ رابطے میں رہا ہے۔ اس پر کئی دوسرے الزامات بھی عاید کیے گئے ہیں۔ جلد ہی اس کے خلاف فرد جرم عدالت میں پیش کی جائے گی۔