فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں حکومت کی جانب سے اساتذہ کی تنخواہوں اور دیگر مراعات کی عدم ادائی کے خلاف آج تمام سرکاری اسکولوں میں ہڑتال کی کال دی گئی ہے۔ دوسری جانب فلسطینی اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ ہڑتال کرنے والے اساتذہ اور اسکولوں کی انتظامیہ کو ملازمت سے فارغ کر دیا جائے گا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غرب اردن میں اساتذہ کی تنظیموں اور سرکاری ملازمین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی انجمنوں نے آج منگل کو غرب اردن کے تمام اسکولوں میں ہڑتال کی کال دی ہے۔ اطلاعات کے مطابق تمام اسکولوں کےسرکاری اساتذہ نے ہڑتال کی کال پر لبیک کہتے ہوئے احتجاج جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
دوسری جانب غرب اردن میں اساتذہ اور تعلیمی شعبے سے وابستہ ملازمین کی ہڑتال پر فلسطینی اتھارٹی اور رام اللہ حکومت نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہڑتال کرنے والے ملازمین کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق رام اللہ میں محکمہ تعلیم کی طرف سے جاری کردہ سرکلر میں اسکولوں کے منتظمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ احتجاج کا راستہ ترک کریں ورنہ انہیں اس کے سنگین نتائج بھگتنا پڑ سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں اساتذہ کئی ماہ سے اپنے حقوق کی پامالی بالخصوص تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔ فلسطینی حکومت احتجاجی اساتذہ کے مطالبات پورے کرنے کے بجائے انہیں ملازمت سے نکالنے کی دھمکیاں دے رہی ہے۔