اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل نے کل اتوار کے روز بیت المقدس میں ایک فدائی حملے میں دو یہودی فوجیوں کی ہلاکت اور متعدد کے زخمی کیے جانے کی کارروائی کی تعریف کرتے ہوئے فدائی حملہ آور شہید مصباح ابو صبیح کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ خالد مشعل کا کہنا ہے کہ ابو صبیح پوری قوم کا ہیرو ہے۔ پوری قوم کو اس جیسے جانثار مجاھدوں پر فخر ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق دوحہ میں خالد مشعل کے دفتر سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مقبوضہ بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ پر قابض صہیونیوں کو وہاں سے نکال باہر کرنے، تمام اسیران کو دشمن کی قید سے چھڑانے اور پناہ گزینوں کو انے آبائی شہروں میں آباد کرنے تک جہاد اور مزاحمت جاری رہے گی۔
قبل ازیں خالد مشعل نے بیت المقدس میں فدائی حملہ کرنے والے فلسطینی شہری مصباح ابو صبیح کے والد سے ٹیلیفون پر بات چیت کی اور انہیں بیٹے کی شہادت پر مبارک باد دینے کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا بھی اظہار کیا۔
خیال رہے کہ بیت المقدس میں الشیخ جراح کے مقام سے تعلق رکھنے والے فلسطینی ابو صبیح نے اتوار کے روز فائرنگ کر کے دو اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک اور متعدد کو زخمی کر دیا تھا۔ صہیونی فوج کی فائرنگ سے حملہ آور بھی شہید ہو گیا تھا۔
خالد مشعل نے کہا کہ پوری قوم صہیونی ریاست کے مظالم اور ناجائز تسلط کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر جہاد اور مزاحمت کا علم اٹھا لے۔
قبل ازیں حماس اور فلسطین کی دوسری مزاحمتی تنظیموں نے بھی بیت المقدس میں ہونے والے کامیاب فدائی حملے کی تحسین کرتے ہوئے فلسطینی شہریوں سے اپیل کی تھی کہ وہ صہیونی ریاست کے خلاف مزاحمت کا سلسلہ جاری رکھیں۔