چهارشنبه 30/آوریل/2025

بیت المقدس: یونیورسٹی پرصہیونی فوج کا دھاوا، تشدد، 55 طلباء زخمی

اتوار 9-اکتوبر-2016

فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس شہر میں القدس یونیورسٹی کے کیمپیس پراسرائیلی فوج نے دھاوا بول دیا اور وہاں پر موجود طلباء طالبات اور دیگر شہریوں کو ہولناک تشدد کانشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں کم سے کم 55 طلباء اور دیگر شہری زخمی ہو گئے۔

ہلال احمر فلسطین کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج کے مسلح اہلکاروں اور پولیس کے دستوں نے مشترکہ طور پر ابو دیس کے مقام پر قائم القدس یونیورسٹی کے مرکزی کیمپیس پر دھاوا بول دیا۔ کیمپیس میں موجود طلباء اور طالبات کو زد و کوب کرنے کے بعد کمروں میں موجود طلباء کو باہر نکالنے کے لیے اندھا دھند گیس کی شیلنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں متعدد طلباء اور دیگر شہری زخمی ہو گئے۔

زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتالون میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق آنسوگیس کی شیلنگ، لاٹھی چارج اور گولیوں کی بوچھاڑ سے کئی شہریوں کے چہروں پر زخم آئے ہیں جب کہ متعدد طلباء کے بازو توڑ دیے گئے ہیں۔

القدس میڈیا سینٹر کی رپورٹ کے مطابق صہیونی فورسز نے ہفتے کے روز القدس یونیورسٹی پر چھاپہ مارا اور وہاں پر موجود طلباء اور اساتذہ سمیت عملے کے دیگر افراد کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ بعد ازاں آنسوگیس کی شیلنگ اور ربڑ کی گولیوں کی فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں مزید کئی طلبا زخمی ہوئے۔

مختصر لنک:

کاپی