چهارشنبه 30/آوریل/2025

غزہ پرحملے ننگی جارحیت، اسرائیل کو سبق سکھائیں گے:حماس، اسلامی جہاد

جمعرات 6-اکتوبر-2016

فلسطین کی سرکردہ مزاحمتی تنظیموں اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ اور اسلامی جہاد نے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کے تازہ حملوں کو صہیونی ریاست کی ننگی جارحیت قرار دیتے ہوئے اس کا سخت جواب دینے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے ترجمان سامی ابو زھری نے ایک بیان میں کہا کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کے مسلسل فضائی حملے کھلی جارحیت ہیں، حماس اور دیگر فلسطینی مزاحمتی تنظیمیں صہیونی فوج کی اس جارحیت پرخاموش نہیں رہیں گی بلکہ دشمن کو منہ توڑ جواب دیاجائے گا۔

ترجمان نے صہیونی ریاست پر زور دیا کہ وہ ننگی جارحیت سے باز رہے ورنہ اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے جن کی تمام ترذمہ داری صہیونی ریاست پرعاید ہوگی۔

درایں اثناء اسلامی جہاد کے ترجمان نے بھی غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کے تازہ فضائی حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ اسلامی جہاد کا کہنا ہے کہ صہیونی دہشت گردی سے فلسطینی تنظیمیں لا تعلق نہیں رہ سکتیں دشمن کو اس کی جارحیت کا دانت شکن جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کی پٹی پر حملے غزہ کے لیے آنے والے امدادی بحری قافلے زیتونہ پرشب خون مارنے سے توجہ ہٹانے کے مترادف ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ شب غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج نے مختلف اہداف پر بمباری کی تھی جس کے نتیجے میں فلسطینی مزاحمت کاروں کے متعدد ٹھکانے تباہ ہوگئے تھے تاہم ان حملوں میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی