شامی فوج اور اس کی حلیف روسی فوج کی جانب سے جنگ زدہ شہر حلب پر وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری ہے۔ وحشیانہ اور تباہ کن بمباری سے جہاں بڑے پیمانے پر انسانی جانوں کا ضیاع ہو رہا ہے وہیں شہر کو بھوتوں کی بستی بنا دیا گیا ہے۔
قطر سے نشریات پیش کرنے والے الجزیرہ ٹی وی نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ شامی اور روسی فوج نے کارپٹ بمباری کرکے حلب شہر کا نقشہ ہی تبدیل کردیا ہے۔ شہر کے بیشتر علاقے کھنڈر بنا دیے گئے ہیں۔ اسپتالوں، اسکولوں اور شہری آبادی پر بھی بلا تخصیص بمباری کی جارہی ہے جس کے نتیجے میں لاکھوں افراد کی زندگیاں شدید خطرات کا شکار ہوچکی ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حلب شام کا اہم تزویراتی شہر ہونے کے ساتھ ساتھ تاریخی مقامات کی وجہ سے بھی شہرت رکھتا ہے مگر مسلسل بمباری اور تباہ کن حملوں کے نتیجے میں شہر کے تمام تاریخی مقامات بھی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بمباری کے نتیجے میں شہری آبادی میں بڑی تعداد میں مکانات ملبے کا ڈھیر بن چکے ہیں اور کوئی نہیں جانتا کہ اس ملبے تلے کتنے بچے، عورتیں اور مرد زندہ دفن ہوچکے ہیں۔ جن علاقوں پر شامی اور روسی فوج مسلسل بمباری کررہی ہے وہاں پر امدادی سرگرمیاں مکمل طور پر معطل ہیں۔ شہری نہ تو گھروں میں محفوظ ہیں اور نہ ہی پناہ گزین کیمپوں میں محفوظ ہیں۔ رات کو بھی شہری موسم کی شدت کا مقابلہ کرتے ہوئے کھلے آسمان تلے رہتے ہیں۔