جمعه 15/نوامبر/2024

’اسرائیلی ویزے پر القدس کا دورہ صہیونی مظالم کی حمایت کے مترادف‘

منگل 27-ستمبر-2016

اردن کی مذہبی سیاسی جماعت اخوان المسلمون کے سیاسی شعبے اسلامک ایکشن فرنٹ کی جانب سے اردنی افسران کے اسرائیلی ویزے پر القدس اور دیگر فلسطینی علاقوں کے دورے کی شدید مذمت کی ہے۔ جماعت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی ویزے پر القدس کا دورہ کرنا القدس کو یہودیانے کی صہیونی سازشوں اور فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو سند جواز فراہم کرنے کی کوشش ہے۔

خیال رہے کہ حال ہی میں اردن کے سابق وزراء، ریٹائرڈ افسران اور بعض دیگر عہدیداروں نے اسرائیلی ویزے پر بیت المقدس کا دورہ کیا تھا جس پر اردن کے سیاسی اور سماجی حلقوں کی طرف سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ سب سے زیادہ سخت رد عمل اسلامک ایکشن فرنٹ کی طرف سےآیا ہے جس نے ایک بیان میں اردنی عہدیداروں کے دورہ اسرائیل کی مذمت کرتے ہوئے اسے صہیونیت نوازی اور صہیونی مظالم کو سند جواز فراہم کرنے کی مذموم کوشش قرار دیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ایکشن فرنٹ کے ایک سینیر عہدیدار خضر بنی خالد نے ایک بیان میں کہا کہ ان کی جماعت اردنی عہدیداروں کے اسرائیلی ویزے پر دورہ اسرائیل کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس میں اب کوئی ابہام نہیں رہا ہے کہ اردنی حکومت القدس کے معاملے میں اپنی روایتی پالیسی سے انحراف کررہی ہے۔

بنی خالد کاکہنا تھا کہ اردنی قوم نے ہمیشہ صہیونی مظالم کے خلاف آواز بلند کی۔ فلسطینی شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ بیت المقدس اور فلسطین کے دیگر دینی اور اسلامی تاریخی مقامات کے دفاع کے لیے تحریکوں میں حصہ لیا مگر حکومت صہیونی ریاست کے ساتھ میل جول بڑھا کر القدس کی تاریخ کے حوالے سے ایک غلط روایت قائم کر رہی ہے جو القدس کے حوالے سے اردنی قوم کی تاریخی روایات کے برعکس ہے۔

مختصر لنک:

کاپی