چهارشنبه 30/آوریل/2025

عارضہ قلب میں مبتلا فلسطینی اسیر اسرائیلی جیل میں دم توڑ گیا

پیر 26-ستمبر-2016

فلسطین میں اسیران کے حقوق کے لیے کام کرنے والے ادارے’کلب برائے اسیران‘ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل کی ’ریمون‘ جیل میں عمر قید کے تحت پابند سلاسل فلسطینی یاسر حمدونہ عارضہ قلب کے باعث انتقال کر گئے ہیں۔ ان کی شہادت صہیونی جیل انتظامیہ کی کھلم کھلا غفلت کا نتیجہ بتائی جا رہی ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق 40 سالہ یاسر حمدونہ ’ریمون‘ جیل میں  عمر قید کی سزا کے تحت گذشتہ 14 سال سے پابند سلاسل تھے جہاں  عارضہ قلب میں مبتلا ہونے کے باوجود انہیں کسی قسم کی طبی امداد مہیا نہیں کی گئی جس کے نتیجے میں وہ گذشتہ روز جیل ہی میں دم توڑ گئے تھے۔

اسرائیلی جیل میں جام شہادت نوش کرنے والے یاسر ذیاب حمدونہ کا تعلق مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین سے تھا۔ وہ اپنی اسیری کے 14 سال قید میں گذار چکے تھے۔

حمدونہ کی اسرائیلی  قید میں موت پر فلسطین کے عوامی، سیاسی اور مذہبی حلقوں کی طرف سے شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔ فلسطینی حلقوں نے اسرائیلی ریاست کو حمدونہ کی موت کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے دوران حراست فلسطینی شہری کی شہادت کی عالمی سطح پر تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

انسانی حقوق کی تنظیم ’’واعد‘‘کے مطابق عارضہ قلب میں مبتلا ہونے کے بعد حمدونہ کو اسرائیل کے ’سروکا‘ اسپتال منتقل کیا گیا تھا مگر اسپتال میں ان کا بروقت اور مناسب طبی معائنہ اور علاج معالجہ نہیں کیا گیا جس کے نتیجے میں وہ جام شہادت نوش کر گئے تھے۔

مختصر لنک:

کاپی