فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر قلقیلیہ میں بدھ کے روز قابض اسرائیلی فوجیوں نے ایک فلسطینی لڑکی کو گولیاں مار کر شدید زخمی کردیا۔ قابض فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ زخمی ہونے والی فلسطینی لڑکی نے اسرائیلی فوجیوں پرچاقو سے حملے کی کوشش کی تھی تاہم اسے ناکام بنا دیا گیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق یہ واقعہ بدھ کو یہودی کالونیوں الی منشیہ اور کرنی شمرون کے درمیان شاہراہ 55 پر پیش آیا۔ زخمی ہونے والی 14 سالہ لڑکی کو اسرائیلی فوج نے حراست میں لے لیا ہے۔
عبرانی نیوز ویب پورٹل 0404 نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ فلسطینی بچی نے اسرائیلی فوجیوں پر چاقو سے حملے کی کوشش کی تھی مگر سے ناکام بنا دیا گیا۔ فوجیوں کی فائرنگ سے فلسطینی لڑکی شدید زخمی ہوگئی ہے۔
زخمی ہونے والی فلسطینی بچی کی شناخت نہیں کی جاسکی۔ اسرائیلی فوج نے امدادی کارکنوں اور طبی عملے کو جائے وقوعہ کی طرف جانے سے روک دیا ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ قابض اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینی لڑکی کو اسکول جاتے ہوئے گولیوں کا نشانہ بنایا۔ گولیاں اس کی ٹانگوں میں لگی ہیں جس کے نیتجے میں وہ شدید زخمی ہوئی ہے۔ تاہم عینی شاہدین نے صہیونی فوج کا یہ دعویٰ مسترد کردیا ہے کہ فلسطینی لڑکی اسرائیلی فوجیوں پر چاقو سے حملے کی کوشش کررہی تھی۔