جمعه 15/نوامبر/2024

غرب اردن میں عباس ملیشیا کی غنڈہ گردی کے خلاف عوام سراپا احتجاج

اتوار 18-ستمبر-2016

فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی جیلوں میں بھوک ہڑتال کرنے والے اسیران کے ساتھ یکجہتی کے لیے نکالے گئے جلوسوں پر عباس ملیشیا کی جانب سے وحشیانہ تشدد کیا گیا ہے جس کے ردعمل میں غزہ کی پٹی میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق گذشتہ روز غزہ کی پٹی میں اسلامی جہاد کے شعبہ خواتین کی جانب سے عباس ملیشیا کی غنڈہ گردی کے خلاف ایک احتجاجی جلوس نکالا جس میں خواتین اور بچوں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر عباس ملیشیا کی غنڈہ گردی کے خلاف سخت الفاظ میں نعرے درج تھے۔

خواتین اور مظاہرے میں شریک دیگر شہریوں نے فلسطینی اتھارٹی اور اس کے زیرانتظام سیکیورٹی اداروں کی غںڈہ گردی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

خیال رہے کہ جمعہ کے روز مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین اسلامی جہاد کے زیراہتمام پرامن مظاہروں کا اعلان کیا گیا تھا۔ اسلامی جہاد کی اپیل پر غرب اردن میں فلسطینی شہریوں کی بڑی تعداد نے اسرائیلی عقوبت خانوں میں بھوک ہڑتال کرنے والے اسیران کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کیا مگر اس دوران عباس ملیشیا نے پرامن مظاہرین پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہو گئے تھے۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔

عباس ملیشیا کی اس وحشیانہ کارروائی اور غنڈہ گردی کے خلاف اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ اور اسلامی جہاد نے بھی سخت احتجاج کیا ہے اور پرامن مظاہرین پر طاقت کا استعمال کرنے والے نام نہاد سیکیورٹی اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

 

مختصر لنک:

کاپی