اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی شعبے کے سینیر نائب صدر اور سابق وزیراعظم اسماعیل ھنیہ سعودی عرب میں فریضہ حج کی ادائی کے بعد گذشتہ روز خلیجی ریاست قطر پہنچ گئے ہیں جہاں انہوں نے قطر میں مقیم حماس کی قیادت سے ملاقات کی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسماعیل ھنیہ کے دورہ قطر کا مقصد وہاں پر موجود حماس کی قیادت سے ملاقات کے ساتھ قومی امور پر صلاح مشورہ کرنا ہے۔ اپنے دورے کے اختتام پر وہ غزہ واپس آ جائیں گے۔
حماس کے سیاسی شعبے کے رکن عزت الرشق نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسماعیل ھنیہ سعودی عرب میں فریضہ حج کی ادائی کے بعد قطر پہنچ گئے ہیں۔ قطر میں مقیم الرشق نے کہا کہ اسماعیل ھنیہ یہاں پرمقیم حماس کی قیادت سے بات چیت کریں گے جس کے بعد واپس غزہ روانہ ہو جائیں گے۔