فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر بیت لحم میں آج اتوار کو ’’افرات‘‘ یہودی کالونی کے قریب ایک فلسطینی نوجوان نے اسرائیلی فوجی افسر کو چاقو کے حملے میں شدید زخمی کردیا۔ اسرائیلی فوجیوں نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے فلسطینی حملہ آور کو گولی ماردی جس کے نتیجے میں حملہ آور بھی زخمی ہوگیا۔ بعض ذرائع فلسطینی حملہ آور کے شہید ہونے کی خبر دے رہے ہیں۔
عبرانی ٹی وی 2 کی رپورٹ کے مطابق اتوار کو علی الصباح افرات کالونی کے داخلی راستے پر ایک فلسطینی لڑکے نے اسرائیلی فوجی اہلکار کے پیٹ میں خنجر گھونپ دیا جس کے نتیجے میں فوجی شدید زخمی ہوا ہے۔ زخمی اسرائیلی فوجی کو بیت المقدس میں ’’ھداسا‘‘ اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
عبرانی ٹی وی کے مطابق قریب کھڑے دوسرے فوجیوں نے حملہ آور فلسطینی پر گولیوں کی بوچھاڑ کردی جس کے نتیجے میں وہ بھی شدید زخمی ہوا ہے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ زخمی فلسطینی حملہ آور کو بھی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ایک ذریعے کا کہنا ہے کہ زخمی فلسطینی اسپتال میں دم توڑ گیا ہے۔
اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق چاقو کے حملے میں زخمی ہونے والا اسرائیلی فوج کا ایک سینیر افسر ہے۔ چاقو کے حملے میں اسے گہرے زخم آئے ہیں اور اسپتال میں اس کی حالت نازک بیان کی جاتی ہے۔
ادھر فلسطینی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ انہیں ایک فلسطینی نوجوان کے درمیانی نوعیت کے زخمی ہونے کی اطلاعات ملی ہیں تاہم اس کی شناخت نہیں کی جاسکی ہے۔