فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں اسرائیلی فوج نے سڑک پر چلتے دو فلسطینی نوجوانوں کو جیپ تلے روند ڈالا، جس کے نتیجے میں دونوں شدید زخمی ہو گئے۔
مرکزاطلاعات فلسطین نے مقامی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے بتایا ہے کہ دو فلسطینی شہری احمد زیاد نعیم ابو داؤد اور ایاد نعیم ابو داؤ جو آپس میں رشتہ دار ہیں جنوبی الخلیل میں ’’فحص‘‘ کے مقام پر اسرائیلی فوجی جیپ تلے کچل دیے گئے۔ زخمیوں میں سے ایک کی کھوپڑی پر گہرے زخم آئے ہیں جب کہ دوسرے کو درمیانے درجے کے زخم آئے ہیں۔ دونوں کو الخلیل شہر کے ایک اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے جیپ دانستہ طور پر سڑک کے کنارے کھڑے فلسطینیوں پر چڑھا دی تھی۔ فلسطینی شہریوں کو کچلنے کے بعد اسرائیلی فوجی ڈرائیور جیپ چھوڑ کر فرار ہوگیا۔ دونوں زخمیوں کو ہلال احمر فلسطی کے رضاکاروں نے اسپتال پہنچایا۔