چهارشنبه 30/آوریل/2025

رکن اعظم کی ادائی کے لیے حجاج کرام کا میدان عرفات میں اجتماع

اتوار 11-ستمبر-2016

مکہ معظمہ میں سنہ 1437ھ کے فریضہ حج کے مناسک کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ کل منیٰ میں یوم ترویہ کے بعد لاکھوں حجاج کرام آج سنت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کی پیروی کرتے ہوئے میدان عرفات میں جمع ہو رہےہیں۔

میدان عرفات کی فضائیں لبیک الھم لبیک کی صدائوں سے گونج رہی ہیں اور عازمین حج سہولت اور مکمل تحفظ کےساتھ میدان میں جمع ہو رہے ہیں۔ حجاج کرام کی میدان عرفات میں رکن اعظم کی ادائی کے لیے آمد اتوار نو ذی الحج کی صبح ہوگئی تھی۔

سعودی عرب کے سرکاری ذرائع کے مطابق امسال 13 لاکھ مسلمان بیرون سعودی عرب سے فریضہ حج کی ادائی کے لیے پہنچے ہیں۔

اس سال حج کی ایک اہم بات یہ ہے کہ 35 سال بعد مفتی اعظم سعودی عرب الشیخ عبدالعزیز آل الشیخ یوم عرفہ کو خطبہ حج نہیں دیں گے۔ مفتی اعظم علیل ہیں ان کی جگہ ایک دوسرے عالم دین خطبہ حج دیں گے۔

سعودی عرب کی وزارت داخلہ کے ترجمان میجر جنرل منصور الترکی نے کہا ہے کہ حج کے موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مناسک حج کی ادائی کے دوران اللہ کے مہمانوں کو گزند پہنچانے کی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

مختصر لنک:

کاپی