چهارشنبه 30/آوریل/2025

قربانی کے گوشت کے استعمال کی ضروری احتیاطیں

جمعرات 8-ستمبر-2016

عید قربان کے موقع پر ہرمسلمان حسب استطاعت قربانی کرتا ہے،جو لوگ قربانی نہ بھی کرسکیں مگر ان کے گھروں میں بھی گوشت پہنچ جاتا ہے۔ عموماً قربانی کے گوشت کے نامناسب استعمال اور بے احتیاطی کے نتیجے میں لوگ بیمار پڑ جاتے ہیں۔

 اس سلسلے میں طبی ماہرین نے قربانی کے ایام کے قریب آتے ہی عوام الناس کی بھلائی کے لیے چند ایسی احتیاطی تدابیر بتائی ہیں جن پرعمل کرنے سے قربانی کے گوشت کے استعمال کو مفید بنایا جا سکتا ہے، اس طرح بیماریوں سے بھی بچنے میں مدد ملے گی۔

ترکی کے ایک معالج اور قریرق قلعہ ریاست کے ڈائریکٹر صحت علی فاتح سلفی نے قربانی کے جانوروں کے گوشت کے استعمال کے حوالے سے ضروری تدابیر بیان کی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ گوشت کے ماکولات میں چربی کا کم سے کم استعمال کریں کیونکہ چربی بہت سی بیماریوں کا موجب بنتی ہے۔ حتیٰ کہ جانوروں کے کولہوں اور دم کی چربی میں سرطان جیسی بیماریاں پیدا کرنے کے جراثیم بھی موجود ہوتےہیں۔

ڈاکٹر علی سلفی کا کہنا ہے کہ قربانی کے گوشت کو کھانے سے قبل فرائی کرنے کے بجائے اسے اچھی طرح ابالا جائے۔

اناطولیہ ایجنسی سے بات کرتے ہوئے غذائی امور کے ماہر ڈاکٹر سلفی نے کہا کہ گوشت میں موجود چربی کے کم استعمال سے شوگر، زیابیطس، امراض قلب اور رگوں میں پیدا ہونے والی بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے۔

انہوں نے تجویز دی ہے کہ مناسب یہ ہے کہ قربانی کے جانوروں کے گوشت کو ترکاریوں اور دوسری اشیاء میں ملا کر پکایا جائے تاکہ اس کے مضر اثرات کو زائل کیا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قربانی کے گوشت کو چند ہفتے تک زیادہ منفی درجہ حرارت میں نہ رکھیں۔ اگر گوشت رکھنا مقصود ہو تو پہلے چند ہفتے اسے  منفی دو درجے سینٹی گریڈ پر رکھیں۔ زیادہ عرصہ گذر جائے تو بھی اسے منفی 18 درجے سینٹی گریڈ تک رکھا جا سکتا ہے۔

ماہرین تجویز پیش کرتے ہیں کہ حاملہ عورتیں بیف کا کم سے کم استعمال کریں کیونکہ زیادہ گوشت کھانےسے بچے کی صحت پر بھی مضر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

ترکی کی ایک این جی او کی چیئرپرسن نازان قرہ خان نے اناطولیہ نیوز ایجنسی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حاملہ عورتیں دن میں صرف ایک ہی وقت میں گوشت کھائیں، اگر وہ بہت زیادہ شوق بھی رکھتی ہیں تب بھی انہیں دو دن میں دو مرتبہ سے زیادہ گوشت نہیں کھانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ گوشت نظام انہضام میں مسائل پیدا کرتا ہے جس کے نتیجے میں ماں کے پیٹ میں موجود بچے کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

قرہ خان کا کہنا تھا کہ جن خواتین کو فشار خون کی بیماری کا خدشہ ہو وہ زیادہ احتیاط کریں کیونکہ گوشت کھانے میں افراط مرض کے لاحق کرنے میں تیزی کا سبب بن سکتا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی