اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل کی والدہ کے انتقال پر ان کے خاندان سے اظہار تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔ ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے بھی خالد مشعل کے نام ایک تعزیتی پیغام میں ان کی والدہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
خیال رہے کہ خالد مشعل کی والدہ فاطمہ مشعل ہفتے کے روز اردن کے دارالحکومت عمان میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئی تھیں۔
ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف کی جانب سے خالد مشعل کے نام جاری ہونے والے تعزیتی پیغام کی ایک نقل مرکزاطلاعات فلسطین کو بھی موصول ہوئی ہے جس میں ایرانی حکومت نے مشعل کی والدہ کی وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی مغفرت اور بلندی درجات کے ساتھ پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔
خالد مشعل کی والدہ کو پرسوں اتوار کو سپرد خاک کردیا گیا تھا۔ اس موقع پر خالد مشعل خصوصی طور پر قطر سے اردن آئے جہاں انہوں نے دیگر افراد خاندان کے ساتھ والدہ کی تدفین میں شرکت کی۔
خالد مشعل کی والدہ کے جنازے میں اردنی حکومت کے سینیر افسران، حکومت کے سرکاری مشیر شہزادہ علی بن الحسین اور اردن میں متعین قطر کے سفیر سمیت سیکڑوں اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔ بعد ازاں الحاجہ فاطمہ مشعل کو عمان کے شمالی علاقے صویلح میں ایک اسلامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔