اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل اپنی والدہ کی وفات کے بعد ان کی تدفین اور آخری رسومات میں شرکت کے لیے اتوار کو قطر سے اردن کے دارالحکومت عمان پہنچے جہاں انہوں نے والدہ کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ خالد مشعل کی والدہ ہفتے کی شام عمان میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئی تھیں۔
عمان سے ملنے والی اطلاعات اور مقامی ذرائع کے مطابق خالد مشعل کی والدہ کو کل شام عصر کے بعد عمان میں سپرد خاک کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اردنی حکومت کی طرف سے خالد مشعل کو والدہ کے جنازے میں شرکت کے لیے عمان داخل ہونے کی اجازت ملنے کے بعد مشعل اتوار کی صبح اردن پہنچے۔
خیال رہے کہ خالد مشعل کی والدہ فاطمہ مشعل پرسوں ہفتے کو قضائے الہٰی سے انتقال کرگئی تھیں۔ وہ طویل عرصے سے علیل تھیں۔ کچھ عرصہ قبل خالد مشعل والدہ کی عیادت کے لیے عمان آئے تھے تاہم بعد ازاں واپس قطر چلے گئے تھے۔ حماس اور فلسطین کی دوسری سیاسی جماعتوں کےقایدین نے خالد مشعل کی والدہ کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔