فلسطین کے مقبوضہ علاقوں دریائے اردن کے مغربی کنارے اور بیت المقدس میں اسرائیل کی طرف سے یہودی توسیع پسندی کے تازہ منظور کردہ منصوبوں پرعالمی برادری بالخصوص یورپی یونین نے شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق یورپی یونین کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یونین فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی تازہ توسیع پسندانہ سرگرمیوں کو سخت تشویش کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ اسرائیل کی طرف سے یک طرفہ یہودی آباد کاری کے اقدامات مسئلہ فلسطین کے حل اور اور دوریاستی فارمولے پرعمل درآمد کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔
خیال رہے کہ حال ہی میں اسرائیل نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس میں یہودی توسیع پسندی کی کئی اسکیموں کی منظوری دی تھی جس پر امریکا سمیت عالمی سطح پر شدید رد عمل سامنے آیا تھا۔
یورپی یونین کی طرف سے جاری کردہ بیان میں اسرائیلی حکومت سے پرزور مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ متنازع فلسطینی علاقوں میں غیرقانونی توسیع پسندی کا سلسلہ فوری طورپر بند کرے۔