فلسطین کے مختلف شہروں میں جمعہ کے روز نماز جمعہ کے اجتماعات کے بعد ہزاروں فلسطینی صہیونی ریاست کی دہشت گردی، یہودی توسیع پسندی، دیوار فاصل کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے سڑکوں پرنکل آئے۔ جمعہ کے روز فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فورسز کے درمیان 13 مقامات پر تصادم ہوا۔ صہیونی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں15 فلسطینی زخمی ہوگئے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگاروں کے مطابق جمعہ کے روز نماز جمعہ سے قبل اور بعد میں غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے کے ساتھ ساتھ القدس میں بھی احتجاجی مظاہرے کیےگئے۔ فلسطینی شہریوں نے یہودی کالونیوں اور فلسطینی شہروں کو باہم ملانے والے 13نقاط تماس پر احتجاج کیا۔ اسرائیلی فوج کی طرف سے پرامن فلسطینی مظاہرین پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں دو صحافیوں سمیت 15 فلسطینی زخمی ہوگئے۔
پی آئی سی کے نامہ نگاروں کے مطابق رام اللہ میں تین نقات تماس، بیت المقدس اور مضافات میں بھی تین، غزہ کی پٹی میں دو، نابلس میں بھی دو، ققیلیہ، بیت لحم اور طولکرم میں ایک ایک مقام پر فلسطینی مظاہرین نے احتجاجی مظاہرے کیے۔
رام اللہ میں بعلین میں نکالے گئے ہفتہ وار احتجاجی جلوس اور قلقیلیہ میں دیوار فاصل اور یہودی توسیع پسندی کے خلاف مظاہرے پراسرائیلی فوج نے آنسوگیس کی شیلنگ کےساتھ مظاہرین پر براہ راست فائرنگ کی اور ان پر لاٹھی چارج کیا جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔
کفر قدوم میں عوامی مزاحمتی کمیٹی کے رکن مراد اشتیوی نے بتایا کہ شہر میں فلسطینی شہریوں نے صہیونی فوج کی ریاستی دہشت گردی اور 13 سال سے بند شاہراہ کھولنے کے لیے احتجاجی جلوس نکالا، اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر وحشیانہ تشدد کیا۔
اسرائیلی فوجیوں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پرصوتی بموں سے بھی حملے کیے۔ کفر قدوم میں اسرائیلی تشدد کے نتیجے میں فوٹو جرنلسٹ نضال اشتیہ سمیت متعدد شہری زخمی ہوئے۔ صحافی کی گردن پر زخم آئے ہیں، اسے علاج کے لیے نابلس میں رفیدیا اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ صہیونی فورسز نے نابلس میں ہونے والے ایک احتجاجی مظاہرے پر آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں پانچ شہری دم گھٹنے سے زخمی ہوئے ہیں۔
طولکرم میں بھی عناب چیک پوسٹ کے قریب ہونےوالے مظاہرے میں شریک فلسطینیوں پر تشدد کیا۔ قبل ازیں اسی علاقے میں یہودی شرپسندوں نے ایک فلسطینی شہری کی گاڑی پرحملہ کر کے اس کی توڑپھوڑ کی تھی۔
غزہ کی پٹی میں ناح العوز اور مشرقی البریج کیمپ کے مقامات پر اسرائیلی فوجیوں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوئے۔
نابلس میں کفر قلیل، بیت فوریک میں ہونے والے مظاہروں پر اسرائیلی فورسزنے حملے کیے۔ بیت المقدس میں العیزریہ، ابو دیس اور راس کسبہ کے مقامات پر فلسطینی شہریوں کے مظاہرین پر تشدد کیا جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوئے۔ زخمیوں نے فلسطینی فائر بریگیڈ کا ایک کارکن بھی شامل ہے۔