فلسطین میں پندرہ سال تک اولاد سے محروم رہنے کے بعد قدرت نے اس کی گود تین بچیوں سے بھر کر گھر کو رحمت سے مالا مال کر دیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس کے مشرقی قصبے روجیب کے رہائشی جمیل دویکات کے ہاں شادی کے بعد پندرہ سال تک کوئی اولاد نہیں تھی۔ حال ہی میں اس کی اہلیہ نے تین جڑواں بچیوں کو جنم دیا ہے جن کے نام جنیٰ، غنیٰ اور منیٰ رکھے گئے ہیں۔
مال مویشی پالنے اور کھیتی باڑی کرنے والے فلسطینی 47 سالہ دویکات کا کہنا ہے کہ ہم اللہ کی رحمت سے مایوس نہیں تھے۔ اگرچہ شادی کے بعد پندرہ سال تک ان کے ہاں کوئی اولاد نہیں ہوئی مگر انہیں یقین تھا کہ اللہ تعالیٰ انہیں اولاد کی نعمت سے ضرور نوازے گا۔ آج ہم سب بہت خوش ہیں اور اس پرمسرت لمحے کے انتظار میں پندرہ سال گذار دیے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار سے بات کرتے ہوئے جمیل دویکات نے کہا کہ ڈاکٹروں کے کہنے پر اس نے اپنی بیوی کی متعدد بار سرجری بھی کرائی تاکہ وہ حاملہ ہو سکے مگر اس کے باوجود قدرت نے ہمارے مقدر میں اولاد نہیں لکھی تھی۔
کچھ عرصہ قبل اہلیہ کے علاج کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا گیا۔ ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ دونوں میاں بیوی میں کوئی طبی مسئلہ نہیں ہے۔ اس کے باوجود بیوی کی سرجری کی گئی۔ آخر کار قدرت نے ہمیں تین بچیوں کی شکل میں ایک ساتھ تحفہ دیا ہے۔ تینوں نومولود بچیاں اور ان کی ماں تندرست ہیں۔