اسرائیل کی فوجی عدالتوں کی طرف سے حراست میں لیے گئے مزید 8 فلسطینی شہریوں کو انتظامی حراست کی ظالمانہ پالیسی کے تحت چھ اور چار ماہ کے لیے پابند سلاسل رکھنے کا حکم دیا ہے۔
فلسطین میں اسیران کے حقوق کے لیے کام کرنے والے کلب برائے اسیران کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی ’’عوفر‘‘ نامی فوجی عدالت نے گذشتہ روز آٹھ فلسطینی قیدیوں کو انتظامی حراست کی سزائوں کی منظوری دی۔ ان میں عمار ابراہیم حمور، خذیفہ صبحی جبارین، یوسف بعدالعزیز البطرا، حازم غالب نیروخ اور محمد حسین ابو عیدہ کو 6 ماہ جب کہ اسیر محمد یوسف عوض، علاء سالم رجبی اور یوسف عیسیٰ عمر کو چار ماہ کے لیے انتظامی حراست کی پالیسی کے تحت جیل میں قید کرنے کا حکم دیا ہے۔
واضح رہے کہ انتظامی حراست اسرائیل کی ایسی پالیسی ہے جس کے تحت کسی بھی فلسطینی کو غیرمعینہ مدت تک کے لیے عدالت میں پیش کیے بغیر جیل میں قید رکھا جاسکتا ہے۔ اگر کسی قیدی کو کچھ عرصے کے لیے انتظامی حراست میں رکھنے کا حکم دیا جاتا ہے تو اس میں بار بار توسیع کی جاسکتی ہے۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں انتظامی حراست کی صہیونی پالیسی کو ظالمانہ قرار دے کرمسترد کر چکی ہیں۔