سفر حج پر روانہ ہونے والے عازمین حج کو موسمی تغیرات، گرمی، سردی اور غذائی مسائل سے متعلق مسائل کا سامنا ہوتا ہے اور عازمین حج عموماً اس حوالے سے اہل علم سے سوال جواب بھی کرتے ہیں۔
قطر کی حمد میڈیکل ایسوسی ایشن سے وابستہ ڈاکٹر خالد عبدالھادی حسن کا کہنا ہے کہ فریضہ حج کی ادائی کے لیے حجاز مقدس کا سفر کرنے والے عازمین چند ضروری تدابیر اختیار کریں تاکہ حج کے ایام میں انہیں مناسک حج کی ادائی میں کسی قسم کی دقت اور مشکل کا سامنا نا کرنا پڑے۔
ڈاکٹر عبدالھادی نے تجویز دی ہے کہ عازمین حج مناسک حج ادا کرنے سے قبل زیادہ سےزیادہ ورزش کریں، چلنے کی مشق کریں اور خود کو زیادہ سے زیادہ متحرک رکھیں۔ ایسا کرنے سے انہیں حج کے دوران چلنے پھرنے میں زیادہ پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ عازمین کو چاہیے کہ وہ حج کی ادائی سے کم سے کم دو ہفتے قبل اپنی نقل وحرکت اور ورزش بڑھا دیں۔ بہتر ہے کہ ایک گھنٹے تک روزانہ ورزش کی جائے۔
ڈاکٹر عبدالھادی نے اس حوالے سے چند مزید مفید مشورے دیے ہیں جو کے عازمین حج کے لیے بالیقین مفید ثابت ہوں گے۔
حج پر جانے سے قبل ورزش شروع کی جائے۔ دوران حج اور واپسی تک یہ سلسلہ جاری رکھا جائے۔
عمر کے اعتبار سے عازمین حج اس بات کا یقین کرلیں کہ انہیں کسی قسم کے بخار، نزلہ زکام یا گردوں اور معدے وغیرہ کی کوئی بیماری نہیں ہے۔
فریضہ حج کی ادائی سے قبل کسی ماہر معالج سے ایک بار اپنا معائنہ ضرور کرائیں۔
جو افراد کسی بیماری کی دوائی استعمال کر رہے ہوں تو وہ انہیں دوائی کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے کوئی انتظام ضرور کرنا چاہیے۔
مریض عازمین حج اپنی تمام ضروری ادویات سفر پر روانہ ہونے سے قبل اپنے ہمراہ رکھیں تاکہ دوران سفر انہیں دوائی کے حصول کی ضرورت محسوس نہ ہو۔
جن مسافروں کو طویل فضائی سفر سے گذر کر حجاز مقدس پہنچنا ہوتا ہے ان کے لیے مناسب ہے کہ وہ پانی کی وافر مقدار پی لیا کریں۔
عازمین کے لیے یہ بھی مشورہ ہے کہ وہ فریضہ حج کی ادائی کے لیے ایسے وقت کا انتخاب کریں جب کم سے کم رش ہو۔
خوراک میں پائے جانے والے مضر اثرات کم کرنے کے لیے پکی چیزیں کم سے کم کھائیں۔ پیک شدہ اشیاء کا استعمال بھی کم رکھیں۔
وضو اور غسل کا زیادہ سے زیادہ اہتمام کریں کیونکہ جسمانی صفائی اور طہارت متعدی امراض سے بچاؤ میں مدد دیتی ہے۔
دوران حج کسی ایسے حجام سے حلق نہ کرائیں جسے سعودی حکومت کی طرف سے اس کام کا لائنسنس جاری نہ کیا گیا ہو۔ کٹنگ کے لیے بلیڈ بالکل تازہ ہونا چاہیے۔
دوران حج بہترین خوراک سبزیاں ہیں جو قبض اور اسہال دونوں سے بچاتی ہیں۔
دھوپ سے بچاؤ کے لیے چھتری کا استعمال کریں۔ پانی زیادہ نوش کریں اور براہ راست دھوپ میں زیادہ وقت گذارنے سے گریز کریں۔