مصری حکام نے غزہ کی پٹی کے عازمین حج کی سعودی عرب روانگی کے لیے پرسوں منگل کو رفح گذرگاہ تین دن کے لیے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی گذرگاہ امور کے ڈائریکٹر ھشام عدوان نے خبر رساں اداروں کو بتایا کہ مصری حکام نے انہیں اطلاع دی ہے کہ منگل کے روز غزہ کی پٹی کے عازمین حج کے بیرون ملک سفر کے لیے رفح گذرگاہ کو کھلا رکھا جائے گا۔
ھشام عدوان کا کہنا ہے کہ رفح گذرگاہ تین دن تک کھلی رہے گی۔ اس دوران غزہ کے عازمین حج کو مصر کے راستے سعودی عرب جانے کی سہولت مہیا کی جائے گی۔
فلسطینی وزارت اوقاف کے مطابق رواں سال غزہ کی پٹی کے 2008 فلسطینی فریضہ حج کی ادائی کے لیے حجاز مقدس جائیں گے۔
قبل ازیں مصری حکام نے 29 جون کو پانچ روز کے لیے رفح گذرگاہ کھولی تھی۔ جس کے بعد تین ہزار مسافروں کو بیرون ملک سفر کی اجازت دی گئی تھی۔
خیال رہے کہ غزہ کی واحد بین الاقوامی گذرگاہ جولائی 2013ء کے بعد سے بند ہے۔ اسے صرف ہنگامی حالات میں کئی ماہ کی بندش کے بعد چند روز کے لیے کھولا جاتا ہے۔ گذرگاہ کی بندش کے باعث غزہ کی پٹی کے عوام کو سنگین مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔