چهارشنبه 30/آوریل/2025

مصر نے اسلحہ اور گولہ بارود سمیت گرفتار اسرائیلی رہا کردیا

ہفتہ 27-اگست-2016

اسرائیل کے عبرانی ذرائع ابلاغ نے اپنی رپورٹس میں بتایا ہے کہ مصری حکام نے اسلحہ اور گولہ بارود سمیت پکڑے گئے ایک اسرائیلی کو رہا کردیا۔

اسرائیل کے عبرانی ٹی وی نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ مشتبہ اسرائیل کو ساحلی گذرگاہ طابا سے مصر میں داخل ہوتے وقت 18 دن قبل حراست میں لیا گیا تھا۔ گرفتاری کے وقت اس کے قبضے سے گولہ بارود اور پستول کے 60 کارتوس بھی برآمد کیے گئے تھے۔

عبرانی ٹی وی کے مطابق مصری فوج نے قریبا تین ہفتے تک حراست میں رکھنے کے بعد مشتبہ صہیونی کو رہا کردیا۔ مصری حکام کا کہنا ہے کہ یہودی آباد کار غلطی سے اپنی گاڑی سرحدی گذرگاہ عبور کرنے کے بعد مصر میں داخل ہوگیا تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہودی آباد کار کی رہائی میں قاہرہ میں قائم اسرائیلی سفارت خانے کی جانب سے اہم کردار ادا کیا گیا۔ اس کے علاوہ اسرائیلی وزیر برائے علاقائی امور  و تعاون ایوب قرا نے بھی یہودی آباد کار کی رہائی میں اہم کردار ادا کیا۔

قبل ازیں اسرائیل عبرانی ٹی وی 2 نے اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ اسرائیلی حکومت کی طرف سے اسرائیل کے کسی شہری کی مصر میں گرفتاری کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔ تاہم ٹی وی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ گرفتاری اسرائیلی کو جلد ہی رہا کردیا جائے گا۔

مختصر لنک:

کاپی