فلسطین میں 8 اکتوبر کومنعقد ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے لیے تیاریاں عروج پر ہیں۔ مقبوضہ مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی سے مجموعی طور پر 860 امیدواروں نے الیکشن کمیشن میں اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا عمل 16 اگست سے شروع ہوا تھا۔ 25 اگست تک مجموعی طورپر 860 امیدواروں نے بلدیاتی کونسلوں کے نمائندگان کے لیے کاغذات جمع کرائے۔
کاغذت نامزدگی جمع کرانے کا عمل مکمل ہونے کے بعد کاغذات کی جانچ پڑتال شروع کردی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے کاغذات نامزدگی کی قانون کے مطابق جانچ پڑتال کے بعد 29 اگست بروز سوموار بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کے اہل امیداورں کے کاغذات اور مسترد کاغذات نامزدگی کا اعلان کیا جائے گا۔ جن امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کیے جائیں گے ان کے نام مرکزی الیکشن کمیشن کی ویب سائیٹ پر بھی شائع کیے جائیں گے۔ کاغذات نامزدگی پر اعتراضات کی صورت میں مجوزہ نمائندوں کو اعتراضات دور کرنے کے لیے مہلت دی جائے گی۔