اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہرالخلیل میں ابو الریش نامی فوجی چوکی سے گذرنے والی ایک فلسطینی لڑکی کو حراست میں لے لیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مراسلے کے مطابق حراست میں لی گئی فلسطینی لڑکی کی شناخت شفاء عریف الاطرش کے نام سے کی گئی ہے جس کی عمر 23 سال بیان کی جاتی ہے اور اس کا تعلق الخلیل شہر کے قلقس قصبے سے ہے۔ مقامی فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ الاطرش کو اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ پرانے الخلیل شہر میں اپنے بھائی کے گھر جا رہی تھی کہ فوجی چوکی پر اسے روک کر تلاشی لی گئی۔
صہیونی فوجیوں نے الزام عاید کیا ہے کہ الاطرش فوجیوں پر حملوں کا ارادہ رکھتی تھی اور اس کے قبضے سے ایک چاقو بھی برآمد ہوا ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ فلسطینی لڑکی کو کریات اربع کالونی کے قریب ایک فوجی مرکز میں منتقل کر دیا گیا ہے۔