چهارشنبه 30/آوریل/2025

اسرائیلی فوجیوں کے غرب اردن میں گھروں پر چھاپے، خواتین بچوں پر تشدد

اتوار 21-اگست-2016

فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین میں ہفتے کے روز اسرائیلی فوجیوں نے گھر گھر تلاشی کی مہم شروع کی۔ اس مجرمانہ مہم کے دوران گھروں میں موجود خواتین، بچوں اور عمر رسیدہ افراد کو زد و کوب کیا گیا۔

مقامی ذرائع نے مرکزاطلاعات فلسطین کو بتایا کہ صہیونی فورسز کی بڑی تعداد نے جنوبی جنین کے یعبد ٹاؤن کا محاصرہ کیا۔ ٹاؤن کے تمام داخلی اور خارجی راستے سیل کرنے کے بعد ایک ایک گھر کی تلاشی کا سلسلہ شروع کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گھروں میں تلاشی کی کارروائیوں کے دوران صہیونی فوجیوں نے خواتین اور بچوں کو زد و کوب کیا۔ گھروں کے تمام افراد کا ریکارڈ مرتب کرنے کی آڑ میں نوجوانوں کے بارے میں معلومات جمع کی گئیں۔ تلاشی کی آڑ میں قیمتی سامان کی توڑپھوڑ کی گئی اور گھروں میں رکھے زیورات اور نقدی ان سے چھین لیے گئے۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ صہیونی فورسز نے یعبد قصبے کے باہر ناکے لگا کر فلسطینی شہریوں کی تلاشی اور ان کی شناخت پریڈ کا سلسلہ بھی جاری رکھا۔ اس دوران قابض فوجی ایک مقامی شہری محمود عطاطرہ کے گھر پر چڑھ گئے۔ اہل خانہ کو ایک کمرے میں بند کیا اور گھر کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کر دیا گیا۔

مختصر لنک:

کاپی