جمعه 15/نوامبر/2024

غرب اردن: مسلح تصادم میں عباس ملیشیا کے دو اہلکار ہلاک

جمعہ 19-اگست-2016

فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں جمعرات کی شام مسلح افراد کے ساتھ ہونے والے تصادم کے نتیجے میں فلسطینی اتھارٹی کی ماتحت پولیس کے دو اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

مقامی فلسطینی ذرائع نے ’’مرکزاطلاعات فلسطین‘‘ کو بتایا کہ عباس ملیشیا اور مسلح افراد کے درمیان گولیوں کا تبادلہ پرانے نابلس شہر میں ہوا، جس کے نتیجے میں چار سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے۔ بعد ازاں ان میں سے دو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے تھے۔ دیگر دونوں زخمیوں کی حالت بھی تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔

فلسطینی اتھارٹی کے زیرانتظام سیکیورٹی ادارے کے ترجمان میجر جنرل عدنان الضمیری نے دو پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’جرائم پیشہ‘ عناصر کی فائرنگ کے نتیجے میں پرانے نابلس شہر میں چار اہلکار زخمی ہوئے تھے جن میں سے دو کی موت واقع ہو گئی ہے۔

جنرل ضمیر کا کہنا ہے کہ مقامی وقت کے مطابق شام چھ بجے پرانے نابلس شہر میں پولیس نے جرائم پیشہ اشتہاریوں کے خلاف کارروائی شروع کی تو ان کی جانب سے فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں دو اہلکار مارے گئے۔ جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکاروں کی شناخت شبلی بنی شمسہ اور محمد صرایرہ کے نام سے کی گئی ہے۔ دونوں کے سر اور سینے میں گولیاں لگی تھیں۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ فلسطینی پولیس پارٹی پر اس وقت فائرنگ کی گئی جب پولیس نے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کرنے کے لیے اس کا تعاقب کیا۔ فائرنگ کے واقعے کے بعد حملہ آور فرار ہو گئے۔

مختصر لنک:

کاپی