فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے، مقبوضہ بیت المقدس اور غزہ کی پٹی سمیت فلسطین کے دوسرے شہروں میں غاصب صہیونی فورسز کی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق گذشتہ ایک ہفتے کے دوران صہیونی فوج نے ایک فلسطینی شہری کو شہید اور دسیوں فلسطینیوں کو زخمی کیا ہے۔ ہفتہ رفتہ کے دوران فلسطینی شہریوں کی طرف سے 47 نقاط تماس[ فلسطینی آبادیوں اور یہودی بسیتوں کو باہم ملانے والے مقامات] پر مزاحمتی حملے کیے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ کی طرف سے جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فلسطینی شہریوں نے گذشتہ ہفتے غرب اردن میں 47 مقامات پر نقاط تماس پرصہیونی فورسزپر حملے کیے۔
رپورٹ میں 14 اگست سے 18 اگست کے دوران کے واقعات کو رپورٹ کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صہیونی فوجیوں اور فلسطینیوں کے درمیان غرب اردن اور بیت المقدس میں 47 مقامات پر تصادم ہوا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سب سے پرتشدد واقعہ الخلیل شہر میں قائم الفوار پناہ گزین کیمپ میں پیش آیا جب اسرائیلی فوج نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 17 سالہ محمد ابو ھشھش نامی فلسطینی نوجوان کو شہید اور کم سے کم 58 افراد کو زخمی کردیا تھا۔
گذشتہ ہفتے کے دوران فلسطینی شہریوں کی طرف سے قابض فوجیوں پر سنگ باری، پٹرول بموں سے حملوں اور شیشے کے ٹکڑوں سے حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں صہیونی فورسز کو مادی نقصان پہنچا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سب سے زیادہ مزاحمتی کارروائیاں ، فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج میں تصادم کے واقعات غرب اردن کے شہروں میں پیش آئے جب کہ بیت المقدس میں باب العامود، شعفاط کیمپ، حزما، الرام، عناتا، بدو، قطنہ ، مسجد اقصیٰ، سلوان، راس العامود، معالیہ ادومیم کالونی، پرانے بیت المقدس اور ابو دیس کے مقام پر 13 مقامات پر تصادم ہوا۔
الخلیل شہر میں العروب اور الفوار پناہ گزین کیمپوں، حلحول پل، بیت نعیم، بیت عینون، بیت امر، معالیہ حیفر اور مسجد ابراہیمی کے قریب جھڑپیں ہوئیں۔ رام اللہ میں عوفر فوجی کیمپ، وادی الحرامیہ، بدرس بیت سیرا، الامعری اور الجلزون کیمپ، الماصیون اور مکابیم پناہ گزین کیمپ، بیت لحم میں تقوع، عایدہ پناہ گزین کیمپ، بیتا یہودی کالونی، علیت الجعبہ اور عاموس کالونی اور نابلس میں حوارہ، ، حوارہ چیک پوسٹ، بیت فوریک، عقربا، بیتا، جیت، جنین میں جبع، یعبد، امر الریحان چیک پوسٹ، کفر قدوم، سنہ 1948ء کے مقبوضہ علاقوں میں بئر سبع، عسقلان اور کابری چوک میں فلسطینیوں اور اسرائیلی فورسز کے درمیان تصادم کے واقعات ہوئے۔